بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) ریاست کی بی جے پی سرکار کس قدر مسلمانوں اوراسلامی اقاداروں کی مخالف ہے اس کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کرناٹک کے وزیرتعلیم بی سی ناگیش نے حجاب معاملہ میں انتہائی سخت تیور اپناتے ہوئے تعلیمی اداروں کو سخت ہدایات جاری کی ہے اور کہا ہے کہ باحجاب طالبات کو کالجوں میں گھسنے ہی نہ دیا جائے۔
میسور میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یونیفارم کے بارے میں جو سرکیولر جاری کیا گیاہے،اس پر تمام تعلیمی اداروں کو عمل کرنا لازمی ہے -جو طالبات اسکولوں میں حجاب پہن کر آئیں گی ان کو کسی بھی حال میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بہت پہلے ہی یہ حکم صادر کردیا گیاہے کہ اسکولوں اورکالجوں میں یونیفارم کے بغیر داخلہ نہیں دیا جائے گا-اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی-
وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ حکومت کا یہ منشا بالکل نہیں کہ یونیفارم سے متعلق حکومت نے جو تازہ حکم جاری کیا ہے وہ ایجوکیشن ایکٹ1983 کے مطابق نہیں ہے،اس کیلئے حکومت نے اپنے طور پر کوئی نیا ضابطہ نہیں بنایا ہے ۔ حالانکہ طالبات ابتدا سے ہی کالج میں حجاب کے ساتھ کلاسس میں حاضر ہورہی تھیں مگر وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اتنے دنوں تک تعلیمی اداروں میں کوئی مسئلہ نہیں تھا- کچھ طاقتوں نے بچیوں کو مشتعل کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ بار بار منع کرنے کے باوجود حجاب پہن کر آرہی ہیں -